بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
[wp_hijri_date ]
“اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں” کہنے کا حکم

“اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں” کہنے کا حکم

سوال: کیا یہ جملہ”اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں” کہنا درست ہے؟

الجواب بعون  الوھاب والیہ المرجع والمآب

صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال

عموماً اس جملے سے یہ مراد لی جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مدد، پکڑ یا فیصلہ اگرچہ انسان کو بظاہر دیر سے نظر آئے، لیکن وہ اپنے وقت پر ضرور واقع ہوتا ہے، اور اللہ تعالیٰ کسی پر ظلم نہیں کرتا، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

﴿وَلَا يَظْلِمُ رَبُّكَ أَحَدًا﴾(سورۃ الکہف: 49)

یعنی:اور آپ کا رب کسی پر ذرہ برابر ظلم نہیں کرتا۔
نیز ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

﴿إِنَّ اللَّهَ لَا يُخْلِفُ الْمِيعَادَ﴾(سورۃ آل عمران: 9)

یعنی:بے شک اللہ تعالیٰ اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرتا۔
مزید  رسول اللہ ﷺ  کا فرمان ہے:

«مَا مِنْ مُسْلِمٍ يَدْعُو بِدَعْوَةٍ لَيْسَ فِيهَا إِثْمٌ، وَلَا قَطِيعَةُ رَحِمٍ، إِلَّا أَعْطَاهُ اللَّهُ بِهَا إِحْدَى ثَلَاثٍ: إِمَّا أَنْ تُعَجَّلَ لَهُ دَعْوَتُهُ، وَإِمَّا أَنْ يَدَّخِرَهَا لَهُ فِي الْآخِرَةِ، وَإِمَّا أَنْ يَصْرِفَ عَنْهُ مِنَ السُّوءِ مِثْلَهَا»(مسند أحمد: 11133، صحیح)

یعنی:جو مسلمان ایسی دعا کرے جس میں گناہ یا قطع رحمی نہ ہو تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا کے بدلے تین میں سے ایک چیز ضرور عطا فرماتے ہیں: یا اس کی دعا جلد قبول فرما دیتے ہیں، یا اس کا اجر آخرت کے لیے ذخیرہ کر دیتے ہیں، یا اس کے برابر کوئی مصیبت اس سے دور کر دیتے ہیں۔
البتہ عقیدے اور اللہ تعالیٰ کے ادب کے پیشِ نظر یہ جملہ استعمال نہ کرنا بہتر ہے؛ کیونکہ “دیر” کا تصور انسان کے محدود فہم اور وقت کے اعتبار سے ہوتا ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کے تمام فیصلے اس کے کامل علم، عدل اور حکمت کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہوتے ہیں۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کے بارے میں “دیر” کا لفظ استعمال کرنا مناسب نہیں، کیونکہ اس کے ہاں نہ دیر ہے اور نہ اندھیر، بلکہ ہر فیصلہ عین حکمت کے مطابق اپنے وقت پر نافذ ہوتا ہے۔

لہٰذا اس مفہوم کو ادا کرنے کے لیے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے:”اللہ تعالیٰ کا ہر فیصلہ حکمت اور عدل پر مبنی ہوتا ہے، وہ اپنے مقررہ وقت پر ضرور نافذ ہوتا ہے۔”

ھذا  ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔

مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں چھ سے سات دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔