سوال: کیا باڈی بلڈنگ کے دوران، اگر ستر ڈھکا ہوا ہو، تو کھیل یا صحت کی غرض سے جسم کے باقی حصے (بازو، سینہ، کندھے وغیرہ) ظاہر کرنا جائز ہے؟
الجواب بعون الوھاب والیہ المرجع والمآب
صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال
اصولی طور پر جسم کو مضبوط، صحت مند اور طاقتور بنانا شریعت میں مطلوب اور پسندیدہ عمل ہے، اسلام نے ایسی ورزشوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جن سے جسمانی قوت، صحت اور دفاعی صلاحیت حاصل ہو، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
﴿وَأَعِدُّوا لَهُمْ مَا اسْتَطَعْتُمْ مِنْ قُوَّةٍ﴾(سورۃ الأنفال: 60)
یعنی: اور ان کے مقابلے کے لیے جہاں تک ہو سکے قوت تیار رکھو۔
نیز رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے:
«الْمُؤْمِنُ الْقَوِيُّ خَيْرٌ وَأَحَبُّ إِلَى اللَّهِ مِنَ الْمُؤْمِنِ الضَّعِيفِ»(صحیح مسلم:2664)
یعنی: طاقتور مومن، کمزور مومن سے بہتر اور اللہ تعالیٰ کو زیادہ محبوب ہے۔
لہٰذا اگر باڈی بلڈنگ کا مقصد صحت کی حفاظت، جسمانی قوت حاصل کرنا یا جائز کھیل ہو تو اصل حکم کے اعتبار سے یہ جائز ہے، بشرطیکہ اس میں کوئی شرعی ممنوع امر نہ پایا جائے۔البتہ باڈی بلڈنگ کے مقابلوں اور نمائشوں میں چند شرعی قباحتیں پائی جاتی ہیں، جن سے بچنا ضروری ہے:
۱۔ ستر کا کھلنا: مرد کا ستر ناف سے گھٹنے تک ہے، لہٰذا اسے دوسروں کے سامنے کھولنا جائز نہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
«مَا بَيْنَ السُّرَّةِ وَالرُّكْبَةِ عَوْرَةٌ»(صحیح الجامع:5583)
یعنی:ناف سے گھٹنے تک کا حصہ ستر ہے۔
۲۔جسم کی نمائش: اگرچہ ستر ڈھکا ہوا ہو، لیکن اگر جسم کی نمائش کا مقصد لوگوں کی توجہ حاصل کرنا، اپنی جسمانی ساخت پر فخر کرنا یا شہرت حاصل کرنا ہو تو یہ تکبر، خود نمائی اور ریا کے اسباب میں داخل ہو سکتا ہے، جن سے شریعت نے منع کیا ہے۔
۳۔ دیگر شرعی ممنوعات: اگر مقابلوں یا جم کے ماحول میں عورتوں سے اختلاط، موسیقی، بے حیائی یا نمازوں میں غفلت پائی جاتی ہو تو ان امور کی وجہ سے شرکت ناجائز ہوگی۔
لہٰذا اگر کوئی شخص صرف صحت، ورزش اور جسمانی طاقت کے حصول کے لیے باڈی بلڈنگ کرے، شرعی ستر کی مکمل حفاظت کرے، جسم کی نمائش اور فخر و تکبر سے بچے، اور دیگر شرعی ممنوعات سے بھی محفوظ رہے تو اس میں حرج نہیں۔
البتہ موجودہ دور کے اکثر باڈی بلڈنگ مقابلوں میں شرعی ستر کے باوجود جسم کی نمائش، خود نمائی، فخر، شہرت کی خواہش اور بسا اوقات غیر شرعی ماحول پایا جاتا ہے، اس لیے ایسے مقابلوں میں شرکت سے اجتناب کرنا چاہیے۔
ھذا ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔
مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی