بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
[wp_hijri_date ]
جانور کو ذبح کرنے کا مسنون طریقہ

جانور کو ذبح کرنے کا مسنون طریقہ

سوال:   قربانی کا جانور ذبح کرنے کا کیا طریقہ ہے؟

الجواب بعون  الوھاب والیہ المرجع والمآب

صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال

واضح رہے کہ قربانی کے جانور کو ذبح کرتے وقت کم از کم تکلیف ہو اور اس کو قربان کرتے وقت احسان کا معاملہ کیا جائے، چنانچہ نبیﷺ کا فرمان ہے:

﴿ وَإِذَا ذَبَحْتُمْ فَأَحْسِنُوا الذَّبْحَ وَلْيُحِدَّ أَحَدُكُمْ شَفْرَتَهُ، فَلْيُرِحْ ذَبِيحَتَهُ﴾(صحیح مسلم:1955)

یعنی: جب ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرو، تم میں سے ایک شخص (جو ذبح کرنا چاہتا ہے) وہ اپنی (چھری کی) دھار کو تیز کرلے اور ذبح کیے جانے والے جانور کو اذیت سے بچائے۔

قربانی کے جانور کو ذبح کرنے کا مسنون طریقہ یہ ہے:

  1. ذبح کرتے وقت جانور کو نرمی کے ساتھ قبلہ رخ لٹانا سنت ہے۔
  2. جو شخص قربانی کر رہا ہو بہتر یہ ہے کہ وہ خود ذبح کرے ورنہ کسی مسلمان سے  چھری پھروائے۔
  3. چھری تیز کرلی جائے۔
  4. کسی جانور کو کسی اور جانور کے سامنے ذبح نہ کیا جائے۔
  5. ذبح کرنے سے پہلے خالص نیت ہو اور مسنون دعا پڑھی جائے:
﴿ إِنِّي وَجَّهْتُ وَجْهِيَ لِلَّذِي فَطَرَ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضَ حَنِيفًا، وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ، إِنَّ صَلَاتِي، وَنُسُكِي، وَمَحْيَايَ، وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ، لَا شَرِيكَ لَهُ، وَبِذَلِكَ أُمِرْتُ، وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِينَ، اللَّهُمَّ مِنْكَ، وَلَكَ عَنْ……﴾

یہاں پر قربانی کرنے والے کا نام لیا جائے۔ پھر”بِاسْمِ اللَّهِ، وَاللَّهُ أَكْبَرُ”  پڑھ کر چھری پھیریں۔(سنن ابو داؤد:2795)

6. حلق (سانس کی نالی) اور مری (کھانے کی نالی) کو کاٹا جائے۔

7. گردن موڑ کر منکا نہ توڑا جائے اور نہ چھری کی نوک حرام مغز میں ماری جائے۔

 نوٹ: جب تک جانور ٹھنڈا اور ساکت نہ ہوجائے اس کی کھال اتارنا شروع نہ کریں۔

ھذا  ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔

مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی

 

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں چھ سے سات دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔