سوال: پینٹ یا ٹراؤزر میں نماز پڑھنا کیسا ہے؟
الجواب بعون الوھاب والیہ المرجع والمآب
صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال
واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ نے نماز کی ا دائیگی کے لیے زیب و زیبائیش کا حکم دیا ہے:
[ يَا بَنِي آدَمَ خُذُوا زِينَتَكُمْ عِندَ كُلِّ مَسْجِدٍ](سورۃ الاعراف:31)
یعنی: اے آدم کی اولاد! ہر نماز کے وقت زینت اختیار کرو۔
لیکن معاشرے میں افسوس کے ساتھ یہ دیکھا جاتا ہے کہ نماز کے لیے خاص اہتمام نہیں کیا جاتا، بلکہ اکثر سونے کے لباس میں یا کام کاج کے وقت مٹی آلود لباس میں ہی نماز پڑھ لیتے ہیں، جو کہ انتہائی نامناسب رویہ ہے۔
صورت مسؤلہ میں اگر پینٹ یا ٹراؤزر میں مذکورہ شرائط پائی جائیں تو اس میں نماز پڑھی جاسکتی ہے:
۱۔ ستر کو مکمل ڈھانپنے والی ہو، مرد کا ستر ناف سے لے کر گھٹنے تک ہے، نیز کندھے ڈھانپنا بھی واجب ہے۔
۲۔اتنا تنگ نہ ہو جس سے جسم کے اعضاء کے خدو خال واضح نہ ہوتے ہوں۔
۳۔ اتنا باریک نہ ہو کہ اعضائے ستر دکھائی دیں۔
۴۔ بسا اوقات لباس ایسا ہوتا ہے، جس سے نماز پڑنے میں مشکل ہوتی ہے، ایسا لباس نہ ہو۔
۵۔ ٹخنے نہ ڈھکے ہوئے ہوں۔
ٹراؤزر پینٹ کی صورت نماز پڑھ سکتے ہیں، بشرطیکہ مذکروہ شرائط پوری ہوں۔
ھذا ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔
مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی