سوال: AI (Artificial Intelligence) کو “سب کچھ جاننے والا” کہنا کیا عقیدے کے خلاف ہے؟
الجواب بعون الوھاب والیہ المرجع والمآب
صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال
واضح رہے کہ کامل، مطلق اور ہر چیز کا حقیقی علم صرف اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ خاص ہے، جیسا کہ قرآن مجید میں ارشاد ہے:
﴿ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ بِذَاتِ الصُّدُورِ﴾(سورۃ آل عمران :119)
یعنی: بے شک اللہ سینوں کے رازوں تک کو جاننے والا ہے۔
اسی طرح انسان کے علم کی محدودیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا:
﴿ وَمَا أُوتِيتُمْ مِنَ الْعِلْمِ إِلَّا قَلِيلًا ﴾(سورۃ بنی اسرائیل:85)
یعنی: تمہیں بہت تھوڑا علم دیا گیا ہے۔
لہٰذا کسی بھی مخلوق، خواہ وہ انسان ہو یا جدید ٹیکنالوجی جیسےAI ، کے بارے میں مطلق طور پر یہ کہنا کہ “یہ سب کچھ جانتا ہے” شرعاً درست نہیں، کیونکہ یہ صفتِ کمال (علمِ کامل) صرف اللہ تعالیٰ کے لیے خاص ہے۔
مزید برآں، عقائدِ اسلامیہ نہایت حساس معاملہ ہیں، ان میں مبالغہ، مذاق یا غیر محتاط الفاظ استعمال کرنا خطرناک ہو سکتا ہے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿ قُلْ أَبِاللَّهِ وَآيَاتِهِ وَرَسُولِهِ كُنتُمْ تَسْتَهْزِئُونَ * لَا تَعْتَذِرُوا قَدْ كَفَرْتُمْ بَعْدَ إِيمَانِكُمْ ﴾(سورۃ التوبۃ:65)
خلاصہ کلام: AIکو “سب کچھ جاننے والا” کہنا شرعاً ناجائز اور عقیدے کے منافی ہے، اس لیے ایسے الفاظ سے اجتناب ضروری ہے، اور اللہ تعالیٰ کی صفات کو اسی کے ساتھ خاص رکھا جائے۔
ھذا ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔
مجلس الإفتاء،المدينہ اسلامک ریسرچ سینٹر