بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
[wp_hijri_date ]
مختلف ڈسکاؤنٹ کارڈز کا حکم

مختلف ڈسکاؤنٹ کارڈز کا حکم

کیا ڈسکاؤنٹ کارڈز   (مثلا ً bogo, Golootlo وغیرہ) کا استعمال قرآن و سنت کی روشنی میں جائز ہے؟

الجواب بعون الوھاب بشرط صحۃ السؤال

ڈسکاؤنٹ کارڈز  (Discount Cards)  کی دو صورتیں ہیں:

  • کارڈز خریدے جائیں /ممبر شپ فیس دی جائے پھر ان پر ڈسکاؤنٹ حاصل کیا جائے۔
  • وہ کارڈز فری بغیر کسی پیسوں کے عوض حاصل کیئے جائیں۔

پہلی صورت:   کارڈز خریدے  جائیں، اور پھر ان پر ڈسکاؤنٹ حاصل کیا جائے،   تو یہ صورت ناجائز ہے، کیونکہ اس میں خریدے گئے کارڈ کے بدلے ملنے والے  ڈسکاؤنٹ کی تعیین نہیں ہوتی کہ کتنا ڈسکاؤنٹ ملے ، جو کہ غیر یقینی کی صورتحال  ہے، ایسی خرید وفروخت شرعاً منع ہے، چناچہ  حدیث نبویﷺ ہے:

[ نَهَى رَسُولُ اللَّهِﷺ عَنْ بَيْعِ الْغَرَر]

یعنی :رسول اللہ ﷺ نے غیر یقینی صورتحال پر مبنی سودے سے منع فرمایاہے ۔(مسلم:3808)

نیز اس میں جوئے کی مشابہت موجود ہے  ،کیونکہ جوئے میں معاملہ فائدہ اور نقصان درمیان معلق رہتا ہے،  کارڈ حاصل کرنے والا شخص قیمت ادا کرتا ہے پھر اگر اسے ادا شدہ قیمت سے زیادہ رعایت حاصل ہو جائے تو فائدے میں رہتا ہے، یا پھر حاصل ہونے والی رعایت ادا شدہ قیمت سے کم ہو ئی تو اسے نقصان ہو تا ہے ، جوئے کی حرمت شرعا واضح ہے، چناچہ ارشاد باری تعالی ہے:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالأَنْصَابُ وَالأَزْلامُ رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُون{

یعنی: اے لوگوں جو ایمان لائے ہو!  شراب اور جوا ، اور بت ، اور فال کے تیر ، سب شیطان کے گندے کام ہیں ، سو تم ان سے بچوتا کہ تم فلاح پا جاؤ۔[المائدۃ: 90]

دوسری صورت یہ ہے کہ:  یہ کارڈز فری  حاصل کیئے جائیں۔ ایسے کارڈز کو استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ اس میں  خرید و فروخت کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک تحفے کی صورت  ہے، جسکا مطلب ہے کہ اگر کارڈ حاصل کرنے والا شخص کارڈ کو استعمال نہ بھی کرے تو اسکو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی

 

 

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں چھ سے سات دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔