بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
[wp_hijri_date ]
کرنٹ اکاؤنٹ میں موجود رقم کی زکوٰۃ کا طریقہ

کرنٹ اکاؤنٹ میں موجود رقم کی زکوٰۃ کا طریقہ

سوال: ایسا بینک اکاؤنٹ جس میں مستقل  کمی زیادتی ہورہی ہو ہو تو  اس پر  زکوٰۃ کیسے نکالی جائے گی؟

الجواب بعون  الوھاب والیہ المرجع والمآب

صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال

واضح رہے کہ  جس بھی شخص کے مال نصاب کے برابر ہوجائے اور اس پر ایک سال گزر جائے تو اس پر ڈھائی فیصد کی زکوٰۃ لازم  ہے۔ صورتِ مسؤلہ میں   زکوٰۃ کی ادائیگی کی دو صورتیں ہوسکتی ہیں:

پہلی صورت: اگر کوئی شخص زکوٰۃ کے معاملے میں مکمل احتیاط سے کام لینا چاہتا ہے، اور  اس بات کا خواہش مند ہے کہ ابھی جس مال پر زکوٰۃ واجب ہے صرف اسی مال کی زکوٰۃ ادا کرے تو  وہ اپنی آمدنی کا ایک مفصل حساب  بنائے۔ اس میں وہ ہر حاصل شدہ رقم کے لیے علیحدہ ایک سال  (حول) مقرر کرے، جو اس دن سے شروع ہو جب وہ رقم اس کے قبضے میں آئی ہو، اور پھر جب اس رقم پر ایک سال مکمل ہوجائے، تو اسی حساب سے زکوٰۃ ادا کرے۔، مثلاً: یکم رمضان کو رقم آئی ، پھر یکم ذی القعد کو رقم آئی، پھر یکم محرم کو رقم آئی، ان تمام رقوم کا الگ حساب بائے، اور ہر رقم کا سال گزرنے  پر اس کی زکوٰۃ ادا کردے، یقیناً یہ طریقہ مشکل ہے۔

دوسری صورت : ایسی صورت میں صارف ہجری سال میں کوئی ایک تاریخ مقرر کرلے، اور اس تاریخ کو بنیاد بنائے اور ہر سال دیکھ لیا کرے کہ اس کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم ہے، اس کی زکوٰۃ اداکردے، چاہے وہ رقم ایک دن پہلے ہی اکاؤنٹ میں کیوں نہ آئی ہو، لیکن  جس مال کو ابھی سال نہیں گزرا اس کے  لیے وقت سے پہلے زکوٰۃ کی ادائیگی کی نیت کرلے، جیسا کہ   حدیث نبوی ﷺ ہے:

﴿أَنَّ الْعَبَّاسَ سَأَلَ النَّبِيَّ ﷺفِي تَعْجِيلِ صَدَقَتِهِ قَبْلَ أَنْ تَحِلَّ فَرَخَّصَ لَهُ فِي ذَلِكَ﴾(سنن ابی داؤد:1624)

یعنی: سیدنا عباس ؓ نے نبی کریم ﷺ سے دریافت کیا کہ کیا صدقہ ( زکوٰۃ ) لازم ہونے سے پہلے اسے ادا کیا جا سکتا ہے ؟ تو آپ ﷺ نے انہیں اس کی رخصت دی ۔

سمجھنے  کے لیے اس کی مثال ایسے ہے کہ  اگر کوئی شخص رمضان کی پہلی تاریخ کو بنیاد بنا لیتا ہے تو  اگلے رمضان کی پہلی تاریخ کو جتنی رقم اس کے اکاؤنٹ میں  جمع ہو اس  کی زکوٰۃ ادا کردے۔اسی طرح ہر سال کرتا رہے۔ جو رقم سال مکمل ہونے سے پہلے بھی زکوٰۃ میں دے دی جائے، وہ آئندہ کی زکوٰۃ کے طور پر پیشگی شمار ہوگی۔یہ طریقہ انتہائی آسان، فقراء اور مساکین کے  لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔

ھذا  ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔

مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں چھ سے سات دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔