سوال: مردوں کا کان چھدوانے کا کیا حکم ہے؟
الجواب بعون الوھاب والیہ المرجع والمآب
واضح رہے کہ ناک کان چھدوانا یہ خواتین کی زینت کا حصہ ہے-دیکھیں فتویٰ نمبر:446398 -، جبکہ مردوں کا ناک کان چھدوانا ناجائز، حرام ہے، کیونکہ اس میں کفار، گناہ گار اور خواتین کے ساتھ مشابہت ہے، جس سے شریعت اسلامیہ نے سختی سے روکا ہے، جیسا کہ نبیﷺ کا فرمان ہے:
﴿ مَنْ تَشَبَّهَ بِقَوْمٍ فَهُوَ مِنْهُمْ﴾(سنن ابی داؤد:4031)
یعنی:جس نے کسی قوم سے مشابہت اختیار کی تو وہ انہی میں سے ہوا ۔
مزید ایسے مرد جو خواتین کی مشابہت اختیار کرتے ہوں ان کے متعلق شدید وعید وارد ہوئی ہے، چنانچہ حدیث نبویﷺ ہے:
﴿ لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِﷺ المُتَشَبِّهِينَ مِنَ الرِّجَالِ بِالنِّسَاءِ﴾(صحیح بخاری:5885)
یعنی:نبیﷺ نے ان مرودوں پر لعنت بھیجی جو عورتوں جیسا چال چلن اختیار کریں۔
لہذا مردوں کا ناک کان چھدوانا ، کفار، گناہ گار،اور خواتین کی مشابہت ہونے کی وجہ سے جائز نہیں ہے۔
ھذا ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔
مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی