بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
[wp_hijri_date ]
خواتین کا ناک اور کان چھدوانا

خواتین کا ناک اور کان چھدوانا

سوال:خواتین کا  ناک اور کان چھدوانے کا کیا حکم ہے؟

الجواب بعون  الوھاب والیہ المرجع والمآب

واضح رہے کہ خواتین کا  اصلا زیب و زینت کرنا ممنوع نہیں ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ نے یہ ان کی خلقت و فطرت کا حصہ بنایا ہے، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

﴿ مَن يُنَشَّأُ فِي الْحِلْيَةِ﴾(سورۃ الزخرف:18)

یعنی: جس کی پرورش زیور میں کی جاتی ہے۔

البتہ اس زینت  میں چند اصولی چیزیں منع ہیں، ان سے بچتے ہوئے اگر زینت اختیار  کی جائے،تو یہ پسندیدہ  امر ہے:

۱۔ زینت  اختیار کرنے میں کفار یا فساق کی مشابہت اختیار نہ کی جائے، کیونکہ نبیﷺ کا فرمان ہے:

﴿ مَنْ تَشَبَّهَ بِقَوْمٍ فَهُوَ مِنْهُمْ﴾(سنن ابی داؤد:4031)

یعنی:جس نے کسی قوم سے مشابہت اختیار کی تو وہ انہی میں سے ہوا ۔

۲۔ زینت اختیار کرنے میں اسراف نہ کیا جائے،کیونکہ  ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

﴿وَلَا تُسْرِفُوا ۚ إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُسْرِفِينَ﴾(سورۃ الاعراف:31)

یعنی:اسراف نہ کرو،بے شک اللہ تعالیٰ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

۳۔ معاشرے کے عرف و عادت سے  ہٹ کر مشہوری کے لیے نہ ہو، کیونکہ نبیﷺ کا فرمان ہے:

﴿ مَنْ لَبِسَ ثَوْبَ شُهْرَةٍ أَلْبَسَهُ اللَّهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ثَوْبًا مِثْلَهُ﴾(سنن ابی داؤد:4029)

یعنی: جس نے شہرت والا لباس پہنا اللہ عزوجل قیامت کے دن اسے اسی جیسا لباس پہنائے گا ۔

۴۔ مردوں سے مشابہت نہ ہو، کیونکہ  حدیث نبویﷺ ہے:

﴿ لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِﷺ…. وَالمُتَشَبِّهَاتِ مِنَ النِّسَاءِ بِالرِّجَالِ﴾(صحیح بخاری:5885)

یعنی:نبیﷺ نے ایسی خواتین پر لعنت بھیجی جو مردوں سے مشابہت اختیار کرتی ہیں۔

۵۔ اس میں کسی قسم کا صحت کا نقصان نہ ہو، کیونکہ  نبیﷺ کا  فرمان ہے:

﴿لَا ضَرَرَ وَلَا ضِرَارَ﴾(سنن ابن ماجہ:2341)

یعنی: نہ (پہلے پہل) کسی کو نقصان پہنچانا اور تکلیف دینا جائز ہے، نہ بدلے کے طور پر نقصان پہنچانا اور تکلیف دینا۔

ان اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین زینت ختیار کرسکتی ہیں، نیز انہی اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے ناک اور کان چھدوانا جائز ہے اس میں کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ  یہ معاشرے کے عرف و عادت کا حصہ ہے،اس میں کفار و فساق کی مشابہت بھی نہیں ہے۔

ھذا  ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔

مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں چھ سے سات دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔