سوال: قربانی کے دن روزہ کیا قربانی کے گوشت سے کھولا جائے گا؟
الجواب بعون الوھاب والیہ المرجع والمآب
صورت مسؤلہ میں بر صحت سوال
عیدین کے دن روزہ رکھنا منع اور حرام ہے، لہذا اس عمل کو روزہ سے تعبیر کرنا غلط ہے، البتہ یوم النحر کے متعلق نبیﷺ کا عمل یہ ہوتا تھا کہ نبیﷺ اپنی قربانی کے گوشت سے کھانے کی ابتداء کرتے تھے،جیسا کہ حدیث ِ نبویﷺ ہے:
﴿ ولا يَطْعَمُ يومَ النحرِ حتى يَذْبَحَ﴾(صحیح الجامع:4845)
یعنی: نبیﷺ یوم النحر(قربانی واے دن) جب تک کچھ نہ کھاتے تھے جب تک قربانی نہ کرلیتے۔
لہذا اگر کوئی شخص نبیﷺ کی اتباع میں ایسا کرتا ہے تو وہ ان شاء اللہ ثواب کا حق دار ہوگا،البتہ اس کو روزہ سے تعبیر کرنا درست نہیں ہے، کیونکہ اس میں صرف کھانے سے رکنے کا ذکر ہے، نہ کہ پینے سے رکنے کا۔
ھذا ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔
مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی