سوال:کیا روزے کے دوران کیتھیٹرکے استعمال سے روزے پر کوئی اثر آتا ہے؟
الجواب بعون الوھاب والیہ المرجع والمآب
صورت مسئولہ میں بر صحت سوال
کیتھیٹر ایک طبی آلہ ہے جو جسم سے پیشاب یا دیگر رطوبات خارج کرنے یا بعض اوقات دوا پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اور یہ عموماً پیشاب کی نالی یا کسی رگ کے ذریعے لگایا جاتا ہے ، اس کا مقصد نہ غذا پہنچانا ہوتا ہے اور نہ جسم کو تقویت دینا۔
روزے کی حالت میں کیتھیٹر کے استعمال سے روزہ فاسد نہیں ہوتا، کیونکہ یہ نہ کھانے پینے کے حکم میں ہے اور نہ ہی ان چیزوں میں شامل ہے جنہیں شریعت نے مفطر(روزہ توڑنے والی چیزیں) قرار دیا ہے، بلکہ یہ محض ایک طبی آلہ ہے، اس لیے اس کا لگنا روزے کی صحت پر اثر انداز نہیں ہوتا۔ اصل اصول بھی یہی ہے کہ روزہ صرف انہی چیزوں سے ٹوٹتا ہے جنہیں شریعت نے صراحتاً مفطر قرار دیا ہو، جبکہ کیتھیٹر ان میں شامل نہیں۔
ھذا ماعندی واللہ اعلم بالصواب
رب کریم ہمیں جمیع معاملات میں قرآن و سنت پر عمل کی توفیق عنایت فرمائے۔آمین
مجلس الافتاء، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر، کراچی